ذرا نماز ادا کرنا سکھا دیجیے (Dr. Muhammad Aqil ڈاکٹر محمد عقیل)

Download PDF

حضرت ، ذرا نماز سے متعلق کچھ باتیں پوچھنی ہیں ۔

“پوچھو کیا پوچھنا چاہتے ہو۔”

یہ بتائیں کہ نماز کی نیت زبان سے کرنی ہے کہ دل میں ۔

میاں نیت زبان سے کرو یا دل میں کرو، ہر صورت میں خالص ہونی چاہیے ۔

جواب کچھ عجیب تھا لیکن اگلا سوال: اچھا ہاتھ کانوں تک اٹھانے ہیں یا کاندھے تک؟

میاں کان اور کاندھے سے کیا فرق پڑتا ہے۔ حقیقت میں تو ہاتھ نفس کی پوجا سے اٹھانے ہیں ۔

اچھا ہاتھ کہاں باندھنے ہیں ، سینے پر کہ ناف کے نیچے ؟

ارے صاحبزادے ، ہاتھ ادب سے باندھنے ہیں ، جہاں ادب محسوس ہو وہیں رکھ لو۔

سورہ فاتحہ امام کے پیچھے بھی پڑھنی ہے یا چپ رہنا ہے ؟

بھائی، جب تمہارا نمائندہ خدا سے سب کے لیے باآواز بلند بول رہا ہو تو تمہیں بولنے کی کیا ضرورت؟ اور جب وہ خاموش ہو تو تمہارے چپ رہنے کا کیا مقصد؟

اچھا سمجھ گیا لیکن یہ آمین زور سے بولنی ہے کہ آہستہ؟

میاں، آمین کا مطلب ہے ” قبول فرما”۔ تو کبھی یہ آہ زور سے نکلتی ہے تو کبھی آہستہ۔ دعا کی قبولیت آواز کی بلندی نہیں ، دل کی تڑ پ کا تقاضا کرتی ہے ۔

سنا ہے رکوع میں کمر اتنی سیدھی ہوئی ہو کہ پانی کا پیالہ بھی پشت پر رکھ دیا جائے تو اس کا لیول برقرار رہے ؟

میاں، جب غلام جھکتا ہے تو کیا بادشاہ پیالہ رکھ کر کمر کا تناؤ چیک کرتا ہے ؟ وہ تو تمہارے بے اختیار سے جھکنے کو دیکھتا ہے اور بس۔

کیا رکوع سے اٹھ کر دوبارہ رفع یدین کرنا ضروری ہے؟

جناب من ، اصل کام تو تکبیر یعنی خدا کی بڑائی بیان کرنا ہے ، اب یہ بڑائی ہاتھ اٹھا کربیان کر لو یا بنا ہاتھ اٹھائے ۔

حضور ، کیا سجدے میں اتنا اونچا ہونا لازمی ہے کہ ایک چھوٹا بکری کا بچہ نیچے سے نکل جائے ؟

میرے دوست، سجدہ تو عاجزی و پستی کی انتہائی علامت ہے ۔ بادشا ہوں کے بادشاہ کے حضور ناک رگڑ تے وقت کس کو ہوش ہو گاہے کہ اونچائی اور لمبائی کتنی ہے ؟

حضرت آپ تو ساری باتوں میں اتنی وسعت اور آپشنز پیدا کر رہے ہیں جبکہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا فرمان ہے کہ ’’صلو کما رائیتمونی اصلی‘‘ یعنی نماز اس طرح پڑھو جیسے مجھے پڑھتے ہوئے دیکھا ہے ۔

ارے بھائی ہم نے تو نبی کریم کو نماز میں روتے ہوئے دیکھا، گڑگڑاتے دیکھا، ادب و احترام کا پیکر بنے قیام میں دیکھا، قرآن کو سمجھ کر پڑھتے ہوئے دیکھا، اپنے رب کے آگے بے تابی سے جھکتے دیکھا، تڑ پتے ہوئے سجدہ کرتے دیکھا، قومہ و قعدہ میں بھی دعائیں مانگتے ہوئے دیکھا، تسبیحات بدل بدل کر پڑھتے ہوئے دیکھا، اپنے رب کو خوف و امید سے پکارتے ہوئے دیکھا۔ہم نے یہی دیکھا اور یہی سمجھا کہ نماز کا اصل مغز یہی سب کچھ ہے ۔ یہی وہ نماز ہے جس کے لیے نبی نے حکم دیا کہ نماز اس طرح پڑھو جیسے تم مجھے نماز پڑھتے دیکھتے ہو۔

بات اس کی سمجھ میں آ چکی تھی کہ آج تک وہ نماز پڑھتا تو رہا، ادا نہ کرپایا۔ موذن حی علی الصلوٰۃ کی صدائیں لگا رہا تھا اور وہ اس حکم پر عمل کرنے کے لیے بے تاب تھا

’’صلو کما رائیتمونی اصلی‘‘— نماز اس طرح پڑھو جیسے مجھے پڑھتے ہوئے دیکھا ہے “

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔***۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

Posted in Articles By Other Writers | Tags , , , , , , , , , , , , , , | Bookmark the Permalink.

One Response to ذرا نماز ادا کرنا سکھا دیجیے (Dr. Muhammad Aqil ڈاکٹر محمد عقیل)

  1. Muhammad Ilyas says:

    Kaash aap ko samajh aa jai keh Allah kay pyaray Nabi kay tareeqay (zahri-o-baatni) kay mutabiq namaz adaa karna kion kion lazmi hai.
    Haan jis ko ilm nahin woh us waqat tak apneey soch kay mutabiq adaa kar sakta hai jab tak usay ilm na ho jaaey.Jaantay bhoojtay Allah kay Nabi kay tareeqay se hatt kar namaz parhna kahan ki aqalmandi hai.
    Baaqi namaz ki baatni surat-e-haal har sachha muslim behtar se behter bananay ki koshish karta rehta hai .Is mein kisi ko ikhtalaf nahin hota.
    Umeed hai aap mery bat ka bura nahin manaain gey

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *