سیلاب : رحمت یا زحمت (Abu Yahya ابویحییٰ)

Download PDF

 

پاکستان ایک دفعہ پھر سیلاب کی زد میں ہے۔ سیکڑوں لوگ مارے جا چکے ہیں ۔ہزاروں ایکڑ زرعی اور رہائشی زمین زیر آب آ چکی ہے۔ لاکھوں لوگ متاثرہو چکے ہیں ۔

پاکستان کی تاریخ کا یہ پہلا اور آخری سیلاب نہیں ۔ فیڈرل فلڈ کمیشن کے مطابق پاکستان میں اب تک دو درجن بڑے سیلاب آئے ہیں۔ ان میں سب سے بڑا سیلاب 2010 کا تھا۔ یہ وہی سیلاب تھا جس میں بعض نادان مذہبی دانشوروں نے یہ غیر ضروری بحث اٹھا دی کہ یہ اللہ کا عذاب ہے۔ ہم نے اُس وقت بھی پے در پے مضامین لکھ کر قرآن مجید اور عقل عام کی روشنی میں یہ ثابت کیا تھا کہ سیلاب عذاب نہیں ہوتا، اصل عذاب وہ نا اہل فکری اور سیاسی قیادت ہوتی ہے جسے لوگ اپنے جذبات و تعصبات کی بنا پر خود اپنے اوپر مسلط کر لیتے ہیں ۔

حقیقت یہ ہے کہ ایک زرعی ملک کے لیے بارشیں اور ان سے آنے والا سیلاب اللہ کی عظیم نعمت ہے ۔ خاص کر ایک ایسے دور میں جب دنیا میں پانی کی کمی کا مسئلہ سنگین شکل اختیار کر گیا ہو۔ سیلاب اپنے ساتھ پانی کا ایسا ذخیرہ لاتا ہے جسے ڈیموں میں جمع کر لیا جائے تو کئی برس تک پانی کی کمی کا مسئلہ ختم ہوجاتا ہے۔ سیلاب اپنے ساتھ ایسی زرخیر مٹی لاتا ہے جو مردہ زرعی زمینوں کو دوبارہ زندہ کر دیتی ہے ۔ مگر ان فوائد سے وہی قومیں فائدہ اٹھاتی ہیں جن کی لیڈر شپ مال بنانے سے زیادہ  ڈیم  بنانے اور واٹر مینجمنٹ کو اہم سمجھتی ہو۔

مگر جہاں دانشور سیلاب میں چھپے مواقع دیکھنے کے بجائے عذاب کی دہائی دیتے رہیں ، جہاں سیاسی رہنما صرف سیلاب کے زمانے میں متحرک ہوتے ہوں وہاں ہر دفعہ سیلاب آنے پر وہی کچھ ہوتا ہے جو ہمارے ہاں ان دو درجن سیلابوں میں ہوا ہے ۔ یعنی جان و مال کی بربادی۔ حقیقت یہ ہے کہ اللہ کی دنیا میں ہر مصیبت میں ایک خیر پوشیدہ ہوتی ہے ۔ مگر یہ خیر اُسی کو ملتی ہے جو اسے لینے کے لیے تیار ہو۔ باقیوں کو صرف بربادی ملتی ہے ۔

_______***_______

 

 

Posted in ابویحییٰ کے آرٹیکز | Tags , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , | Bookmark the Permalink.

One Response to سیلاب : رحمت یا زحمت (Abu Yahya ابویحییٰ)

  1. Amy says:

    True, Jazak Allah khair

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *