عبد الستار ایدھی :ایک علامت (Abu Yahya ابویحییٰ)

Download PDF

عبدالستار ایدھی کا انتقال ہو گیا۔ مگر ان کے انتقال پر قوم کا جو ردعمل سامنے آیا اس سے صاف ظاہر ہے کہ وہ لوگوں کے دلوں میں زندہ ہیں۔ اس معاشرے کو جو کچھ وہ دے کر گئے وہ بہت غیر معمولی ہے۔ انسانیت کی فلاح و بہبود کے لیے ان کی خدمات اتنی زیادہ ہیں جوکسی ایک مضمون میں گنوائی نہیں جا سکتیں، مگر میرے نزدیک ان کی سب سے بڑی خدمت یہ ہے کہ وہ اس معاشرے کے زندہ ہونے کی ایک علامت بن گئے ۔

ہمارے ہاں سیاست کو اتنازیادہ نمایاں کیا جاتا ہے کہ جس شخص میں معاشرے کی خدمت کا کوئی جذبہ پیدا ہوتا ہے وہ چھوٹتے ہی سیاست کے میدان میں کود جاتا ہے۔ ایدھی صاحب نے بھی کارزارِ سیاست سے زندگی کا آغاز کیا، مگر ان کی اور قوم کی خوش قسمتی تھی کہ جیسے ہی وہ اس میدان میں ناکام ہوئے، انھوں نے اپنا رخ تبدیل کیا اور خدمت کے میدان میں اتر گئے ۔

یہ وہ میدان تھا جو ان سے قبل بڑی حد تک خالی پڑا ہوا تھا۔ انہوں نے اونچی چھلانگ لگانے کے بجائے ممکن سے آغاز کیا۔ عام لوگوں کی خدمت کے لیے وہ عام لوگوں کے پاس گئے۔ لوگوں نے دیکھا کہ یہ شخص واقعی کام کر رہا ہے۔ پھر معاشرے کے عام لوگوں نے اپنے وسائل ان کو دے دیے۔ عام لوگوں کی اِسی مدد سے انہوں نے خدمت کی ایک پوری ایمپائرقائم کر دی۔ یہی نہیں بلکہ وہ آنے والے ان گنت لوگوں کے لیے ایک رول ماڈل بن گئے اور نجانے کتنے لوگ ان سے متاثر ہوکر خدمت کے مختلف شعبوں میں معاشرے کی خدمت کرنے لگے ۔

ایدھی صاحب نے ثابت کر دیا کہ یہ معاشرہ ابھی زندہ ہے۔ مخلص اور دردمند شخص کا ساتھ دینے والے بہت لوگ ابھی باقی ہیں۔ ایدھی صاحب کی خدمت ایمپائر معاشرے کی زندگی کی علامت ہے۔ یہ آنے والوں کے لیے ایک زندہ سبق ہے کہ اس قوم سے مایوس ہونے کے بجائے درست میدان کی سمت قوم کی رہنمائی کرنے کا اصل کام ہے ۔

۔۔۔۔۔۔۔۔***۔۔۔۔۔۔۔۔

Posted in ابویحییٰ کے آرٹیکز | Tags , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , | Bookmark the Permalink.

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *