فرقہ واریت کا زہر (Abu Yahya ابویحییٰ)

 

فرقہ واریت ایک ایسی برائی ہے جس کی مذمت سے قرآن مجید بھرا ہوا ہے۔ یہود و نصاریٰ اور مشرکین چونکہ اسی مسئلے کا شکار تھے اسی لیے اللہ تعالیٰ نے امت مسلمہ کو اس طرز عمل کو اختیار کرنے سے روکا۔ مثال کے طور پر سورہ روم میں ارشاد فرمایا کہ ان مشرکوں کی طرح نہ ہوجاؤ جنھوں نے اپنے دین کو ٹکڑے ٹکڑے کر دیا اور گروہ در گروہ بن گئے ۔ ہر گروہ کے پاس جو ہے وہ اسی میں مگن ہے ، (آیت 32)۔

فرقہ واریت کسی خاص نقطہ نظر سے وابستگی کا نام نہیں ، درحقیقت یہ اس انتہا پسندانہ سوچ کا لازمی نتیجہ ہے جس کے تحت ایک انسان خود کو آخری حق پر سمجھتا ہے اور دوسروں کو باطل قرار دیتا ہے ۔ ایسا انسان پہلے مرحلے پر یہ فرض کر لیتا ہے کہ جس گروہ میں وہ بیٹھ گیا، جس بات کو اس نے سمجھ لیا، جس نقطہ نظر کا وہ قائل ہو گیا، اس کے غلط ہونے کا کوئی امکان نہیں ۔ غلطی اگر ہو گی تو دوسرے کے ہاں ہی ہو گی۔ باطل اگر کوئی ہے تو دوسرا ہی ہے ۔

انتہا پسندانہ سوچ غیر اعلانیہ نوعیت کی پیغمبری کرنے کے مترادف ہے۔ اس لیے کہ یہ حق اس زمین پر صرف اور صرف اللہ کے کسی پیغمبر ہی کو حاصل ہے کہ وہ جو کہہ دے وہ حق بن جائے ، وہ جو بیان کر دے وہ خدا کی مرضی قرار پائے، وحی الٰہی کی جو شرح وہ کر دے عین منشائے الٰہی قرار پائے ۔ یہ پیغمبر ہی ہو سکتا ہے جس سے اختلاف کا حق کسی کو نہیں مل سکتا، جس کی بات کو قبول نہ کرنے کا مطلب جہنم کی سزا ہے ، جس کے فہم کو تسلیم نہ کرنا کفر ہے ۔

اس دنیا میں یہ حقوق صرف اور صرف پیغمبروں کے لیے خاص ہوتے ہیں ۔ مگر انتہا پسند ذہنیت ان سارے حقوق کو اپنے نام کر لیتی ہے ۔ وہ اپنے فہم دین کو آخری سچائی کے طور پر بیان کرتے اور اس سے اختلاف پر پیغمبروں کی طرح وعید سنانے لگتے ہیں ۔ مگر درحقیت یہ رویہ غیراعلانیہ پیغمبری ہے ۔ اس دنیامیں اس کا نتیجہ فرقہ واریت اورفساد فی الارض ہے اور روز قیامت خدا کے حضور سخت ترین جواب دہی ہے ۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔***۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

Posted in ابویحییٰ کے آرٹیکز | Tags , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , | Bookmark the Permalink.

One Response to فرقہ واریت کا زہر (Abu Yahya ابویحییٰ)

  1. Abdul Hafeez Khan says:

    You are quite right in this matter.

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *