لاٹری (Abu Yahya ابو یحییٰ)

لاٹری جوئے کی ایک قسم ہے۔ اس میں بہت سارے لوگ تھوڑے سے پیسے دے کر ایک ٹکٹ خرید لیتے ہیں۔ خریداروں کی تعداد بعض اوقات لاکھوں میں ہوتی ہے۔ پھر ان ٹکٹوں کی قرعہ اندازی ہوتی ہے۔ جس شخص کے ٹکٹ کا نمبر قرعہ اندازی میں نکل آتا ہے اسے ایک بہت بڑی رقم مل جاتی ہے۔ جبکہ باقی لوگوں کی رقم ضائع ہوجاتی ہے۔

قطع نظر اس سے کہ اسلام میں جوا اور اس کے نتیجے کے طور پر لاٹری حرام ہے، ہمارے ہاں لاٹری کے حوالے سے ایک محاورہ وجود میں آ گیا ہے کہ فلاں شخص کی لاٹری نکل آئی۔ اس کا مطلب یہ ہوتا ہے کہ تقدیر اس شخص پر مہربان ہو گئی اور وہ اچانک ترقی کر کے فرش سے عرش پر جا پہنچا۔ گویا کہ لاٹری نکلنے کا محاورہ انتہائی خوش نصیبی کے لیے بولا جاتا ہے ۔

ہم انسانوں کو یہ بات نہیں معلوم مگر حقیقت یہ ہے کہ اس دنیا میں ہم جس حیثیت میں موجود ہیں اس میں ہم سب کی لاٹری نکلی ہوئی ہے۔ ہم ایک ایسی کائنات میں زندہ ہیں جو لامحدود طور پر وسیع اور ختم نہ ہونے والے خزانوں کی حامل ہے ۔اللہ تعالیٰ نے ایک روز یہ فیصلہ کیا تھا کہ وہ کسی مخلوق کو اس کائنات کا بادشاہ بنادیں گے۔ اللہ تعالیٰ کی لاکھوں کروڑوں مخلوقات میں سے اس مقصد کے لیے انسانوں کا انتخاب کر لیا گیا۔ یوں گویا کہ ہم انسانوں کی لاٹری نکل چکی ہے ۔

انسانوں کو بس کرنا یہ ہے کہ گنتی کے چند سال اللہ کو دیکھے بغیر اس کی عبادت کریں اور اس کی بات مانیں۔ یوں سمجھئے کہ لاٹری نکلنے کے دن سے لے کر انعام پانے کے درمیانے وقت میں خود پر قابو رکھنے کی بات ہے۔ اس کے بعد کائنات کے سارے خزانے آپ کے قدموں میں ڈھیر ہوں گے۔ تو چلیے اب خوش ہوجائیے اور خوشیاں منائیے کہ آپ کی لاٹری نکل آئی ہے ۔ بس تھوڑ ا سا صبر اور تھوڑ ا سا شکر۔ یہ بادشاہی آپ کی ہوئی۔

۔۔۔۔۔۔۔۔***۔۔۔۔۔۔۔۔

Posted in ابویحییٰ کے آرٹیکز | Tags , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , | Bookmark the Permalink.

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *