مشکل کیسے آسان ہو گی؟ (Abu Yahya ابویحییٰ)

Download PDF

اس دنیا میں انسانوں کے لیے سب سے بڑی مشکل یہ ہے کہ وہ مشکلات کا سامنا کرتے ہوئے پریشان ہوجاتے ہیں۔ تاہم یہ ایک حقیقت ہے کہ اس دنیا میں مشکلات سے بچناممکن نہیں ہے۔ مشکلات ان دو بنیادی چیزوں میں سے ایک ہے جن کا اس دنیا کے ہر انسان کو سامنا کرنا پڑتا ہے۔ دوسری چیز آسانیاں ہیں جو ہر انسان کو پسند ہیں۔

سوال یہ ہے کہ اس مسئلے کا کیا حل ہے۔ ہمارے اس مسئلے کا حل بہت سادہ ہے۔ وہ یہ کہ مشکلات کے بارے میں خدا کا منصوبہ سمجھا جائے۔ مشکل خدا کی اسکیم میں دو مقاصد کی تکمیل کے لیے ڈالی گئی ہے۔ ایک یہ کہ عام حالات اور آسانیوں میں انسان کا ذہن پوری طرح فعال نہیں ہوتا۔ لیکن جب مشکل آ جاتی ہے تو انسان کا ذہن، دیگر اعضا کے ساتھ پوری طرح فعال ہوجاتا ہے۔ چنانچہ جو انسان مشکلات میں پریشان ہونے کے بجائے انھیں خدا کی اسکیم کا حصہ سمجھ کر بطور چیلنج لیتے ہیں، وہ اپنے ذہن اور صلاحیت کو استعمال کرتے ہیں۔ یہ صلاحیت ہر مسئلے کا کوئی نہ کوئی حل نکال دیتی ہے۔ جس کے بعد انسان بڑی بڑی کامیابیاں حاصل کرتا ہے۔ چنانچہ مشکلات کو چیلنج سمجھنا ہی مشکلات سے نکلنے اور زندگی میں کامیابی کا راز ہے۔

مشکل کا دوسرا مقصد یہ ہے کہ انسان آسانی میں خدا فراموش ہوجاتا ہے۔ یہ مشکل ہے جو انسان کو خدا سے قریب کرتی ہے۔ انسان جو مقام بڑی سے بڑی عبادت سے حاصل نہیں کرسکتا وہ مشکل پر صبر کرنے اور اسے حوصلے کے ساتھ جھیلنے کے نتیجے میں حاصل کر لیتا ہے۔ اس بات کو سمجھنے کی اس لیے بھی اہمیت ہے کہ انسان ہر حال میں ہر مشکل کا حل نہیں نکال سکتا۔ لیکن جب وہ صبر کرتا ہے تو آخرت میں بڑے اجر کا حقدار ہوجاتا ہے۔

چنانچہ مشکل آنے پر گھبرانا نہیں چاہیے۔ مشکل دراصل دنیا اور آخرت کی بھلائی کا نام ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔***۔۔۔۔۔۔۔

Posted in ابویحییٰ کے آرٹیکز, ایمان | Tags , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , | Bookmark the Permalink.

One Response to مشکل کیسے آسان ہو گی؟ (Abu Yahya ابویحییٰ)

  1. طارق says:

    Jazakallah khair

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *