یہ بات دور تک جائے گی (Abu Yahya ابویحییٰ)

 

 

پچھلے چند دنوں میں کچھ اہم واقعات ایک ساتھ ہوئے ۔ پنجاب اسمبلی سے خواتین کے تحفظ کا بل اہل مذہب کی مخالفت کے باوجود پاس ہو گیا۔ اس پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے ایک عالم دین نے جب خواتین پر تشدد کے حوالے سے فلم سازی کرنے والی خاتون کو فاحشہ قرار دیا تو اس پر اتنا سخت ردعمل ہوا کہ ان کو تحریری معذرت کرنا پڑی۔ پھر آج ممتاز قادری کو پھانسی دے دی گئی۔ یہ گویا معاشرے اور ارباب اقتدار کی طرف سے اہل مذہب کو کھلا پیغام تھا کہ اب مذہب کے نام پر بدزبانی اور لاقانونیت کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔

یہ واقعات بتا رہے ہیں کہ سن اسی کی دہائی میں شروع ہونے والا اہل مذہب کا ہنی مون اب ختم ہورہا ہے۔ گرچہ اگلے کچھ  برسوں تک اہل مذہب کی قوت بظاہر بڑھے گی لیکن ان سے کہیں زیادہ مغربی تہذیب اس معاشرے میں جڑیں پکڑتی چلی جائے گی۔ اس صورتحال کو پیدا کرنے میں خود اہل مذہب کا بہت بڑا ہاتھ ہے۔ خدا کی دنیا میں فکری کمزوریوں اور اخلاقی کوتاہیوں کی قیمت بہرحال دینا پڑتی ہے ۔ اور اب اہل مذہب کو یہ قیمت دینا ہو گی۔ وہ جتنی زیادہ حماقتیں کریں گے ، اتنی ہی بھاری قیمت ادا کریں گے ۔

لیکن اہل مذہب کی اس شکست کو اسلام کی شکست سمجھ کر بغلیں بجانے والوں کے لیے بھی خوشی کا کوئی موقع نہیں ہے۔ خاطر جمع رکھیے، اہل مذہب کی شکست میں آپ کے لیے خوشی کا کوئی سامان نہیں۔ پروردگار عالم صرف مسلمانوں کی قیادت تبدیل کر رہے ہیں۔ وہ اس سے پہلے بھی یہ بار بار کرتے رہے ہیں ۔ ہر دفعہ خدا کا نیا لشکر شیاطین کو صدیوں کے لیے سائڈ لائن کرتا رہا ہے۔ مگر اس دفعہ اس سے بھی کچھ بڑا ہونے جا رہا ہے ۔ اس دفعہ دنیا پر آخری اتمام حجت ہونے جا رہا ہے۔ یہ بات بڑ ی بات ہے ۔ یہ بات اب بہت دور تک جائے گی۔

 ۔۔۔۔۔۔۔۔***۔۔۔۔۔۔۔۔

 

Posted in ابویحییٰ کے آرٹیکز | Tags , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , | Bookmark the Permalink.

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *