2016 مکاتیب – خوف خدا اور جھوٹا پروپیگنڈا – مئی (Abu Yahya)

Download PDF

 

مکاتیب

ابویحییٰ

خوف خدا اور جھوٹا پروپیگنڈا

محترمہ ماریہ ہمایوں صاحبہ 6 فروری 2016

السلام علیکم و رحمۃ اللہ وبرکاتہ

’جب زندگی شروع ہو گی‘ کی پسندیدگی کا بے حد شکریہ۔ مجھے اس بات کی بے حد خوشی ہے کہ آپ اور آپ کے شوہر نے یہ کتاب ایک ساتھ بیٹھ کر پڑھی۔ اللہ آپ کو اور آپ  کے شوہر کو اپنے فضل سے نوازے اور دین ودنیا کی بھلائی عطا فرمائے ۔

اللہ کا شکر ہے کہ اللہ تعالیٰ نے اس کتاب کو لاکھوں لوگوں کی ہدایت کا سبب بنایا ہے اور آج کے دن تک بنا رہا ہے اور انشاء اللہ العزیز بناتا رہے گا۔

جہاں تک معترضین کا سوال ہے تو میں نے اس طرح کے تمام جھوٹے پروپیگنڈے کا جواب اپنی کتاب تیسری روشنی میں جمع کر دیا ہے ۔ آپ انذار کی ویب سائٹ www.inzaar.org سے اس کتاب کو فری ڈاؤن لوڈ کر سکتی ہیں ۔

آپ اس کتاب کا مطالعہ کیجیے اور خود فیصلہ کیجیے ۔ کوئی سوال مجھ سے کرنا ہے تو میں حاضر ہوں۔ میں صرف یہ توجہ دلاؤں گا کہ ہم سب حالت امتحان میں ہیں۔ اور امتحان کی ایک نوعیت وہ ہوتی ہے جس میں بعض لوگ ہدایت کی کسی بات کے خلاف جھوٹا پروپیگنڈا شروع کر دیتے ہیں۔ اگر ہم ایسے بے بنیاد اور جھوٹے پروپیگنڈے کا شکار ہو جائیں اور دوسروں کو بھی گمراہ کرنے کی کوشش کریں گے تو قیامت کے دن اللہ تعالیٰ کے ہاں مجرم کی حیثیت سے پیش ہوں گے ۔ اگر سچائی کا ساتھ دیں گے تو اجر عظیم کے حقدار ہوں گے ۔ اب آپ کے لیے اللہ نے ایک امتحان پیدا کر دیا ہے۔ فیصلہ آپ کو خود کرنا ہے اور اللہ کو جواب بھی آپ ہی کو دینا ہے۔

باقی جن صاحب نے اس جھوٹے پروپیگنڈے کا آغاز کیا تھا ان کو ایک ذاتی خط لکھ کر میں نے ان کو خدا کا خوف دلایا اور کچھ اخلاقی سوالات کیے تھے ۔ مگر انھوں نے مجھے کوئی جواب نہیں دیا اور بدستور اپنے جھوٹے پروپیگنڈے میں مصروف رہے ۔ میرے خط کے محض دو برس بعد خدا نے ان کی مہلت عمل ختم کر دی اور کینسر کے مرض میں ان کا انتقال ہو گیا۔ اب میرے جن سوالوں کا جواب انھوں نے مجھے ذاتی طور پر دینا تھا کل قیامت کے دن سارے انسانوں کے سامنے ان کو ان سوالات کا جواب دینا ہو گا۔ کاش ہمارے نام نہاد مذہبی لوگ اس حقیقت کوجان لیں کہ پروردگار عالم کے سامنے کھڑے ہوکر اس طرح کے اخلاقی سوالوں کا جواب دینا اتنا آسان نہیں جتنا انھوں نے سمجھ رکھا ہے ۔ ان لوگوں کو یہ بات سمجھ آجائے تو یہ لوگ آج ہی اپنے وہ ہاتھ تن سے جدا کر دیں گے جن سے یہ جھوٹا پروپیگنڈا لکھتے ہیں اور اپنی وہ زبان کاٹ کر پھینک دیں گے جس یہ جھوٹا پروپیگنڈا پھیلاتے ہیں ۔ مگر کیا کیجیے، مذہبی لوگوں سے زیادہ خدا سے بے خوف میں نے اور کسی کو نہیں دیکھا۔ان کی کشتی بھر کر ہی ڈوبتی ہے ۔

بہرحال آپ خدا کے خوف سے کام لے کر ذمہ داری سے کوئی فیصلہ کیجیے ۔ میرا یہ خط اس گروپ میں شائع کر دیں جہاں پر یہ اعتراض کیا گیا ہے شاید اللہ نے اس اعتراض کرنے والے کے نصیب میں ہدایت لکھی ہو اور میرا یہ خط اس کو شیطان کے راستے پر چلنے سے روک دے ۔

والسلام علیکم

ابویحییٰ

۔۔۔۔۔۔۔۔***۔۔۔۔۔۔۔۔

Posted in Letters - مکاتیب | Tags , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , | Bookmark the Permalink.

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *