2017 سوال و جواب – اگست

Download PDF

سوال و جواب

ابویحییٰ

گناہوں کو چھپانا

سوال:

السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ

سر میں اپنی پسند کی ایک لڑکی سے شادی کرنے والا ہوں ۔ جب میں تقریباً پندرہ سال کا تھا تو مجھ سے گھر میں کام کرنے والی ایک لڑکی کے ساتھ فعل بد کا ارتکاب ہو گیا تھا۔ میری منگیتر نے اپنا ماضی مجھ سے بیان کر کے یہ کہا ہے کہ وہ مجھ سے کچھ نہیں چھپانا چاہتی، مجھے بہت شرم محسوس ہو رہی ہے کیونکہ میں نے اسے اپنے گناہ کے بارے میں کچھ نہیں بتایا۔ میں یہ جاننا چاہتا ہوں کہ میں اسے یہ بات بتاؤں یا نہیں۔ آپ کے جواب کا انتظار رہے گا۔

(سائل کا نام حذف کر دیا گیا ہے )

جواب:

السلام علیکم ورحمۃ اللہ و برکاتہ

انسان سے جب اس نوعیت کا سنگین جرم ہوجائے تو اس کو سب سے پہلے اللہ تعالیٰ سے معافی مانگنا چاہیے۔ اس لیے کہ گناہ کی شناعت بہت زیادہ ہے۔ تاہم توبہ کے بعد یہ مناسب نہیں کہ انسان اپنے گناہ کو کسی سے بھی بیان کرے۔ جس شخص کا پردہ اللہ نے ڈھانپ دیا ہو دین ہرگز یہ نہیں چاہتا کہ وہ اس پردے کو خود چاک کرتا پھرے۔ اس لیے بہتر یہ ہے کہ آپ اس متعین گناہ کے متعلق کسی سے بھی کچھ نہ کہیں چاہے وہ آپ کی منگیتر کیوں نہ ہو۔ شادی کے رشتے میں اس بات کی کوئی اہمیت نہیں ہوتی کہ میاں بیوی ایک دوسرے کے ماضی کو کتنا جانتے ہیں یا نہیں۔ اہم بات یہ ہے ہوتی ہے کہ وہ حال اور مستقبل میں ایک دوسرے کے وفادار رہیں اور ایک دوسرے کی کمزوریوں پر پردہ ڈالیں۔ کامیاب شادی سمجھوتے سے وجود میں آتی ہے نہ کہ ایک دوسرے کا کچا چٹھا کھولنے سے۔والسلام علیکم

ابو یحییٰ

شام کی صورتحال

سوال:

شام کی موجودہ صورتحال پر آپ کی کیا رائے ہے اور مسلمان ہونے کے ناطے ہم پہ کیا ذمہ داری عائد ہوتی ہے؟

محمد رضا

جواب:

محترمی و مکرمی

السلام علیکم و رحمۃ اللہ و برکاتہ۔

یہ معاملہ صرف شام کا نہیں ہے۔ ہم پچھلے دو سو برس سے ہر تھوڑ ے عرصے بعد کوئی نہ کوئی ’’شام‘‘ بھگت رہے ہیں۔ انیسویں صدی میں ہندوستان، بیسویں صدی میں ترکی، مشرق وسطیٰ اور وسط ایشیا اور جدید دور میں افغانستان، چیچنیا، بوسنیا، عراق اور اب شام اس کی مثالیں ہیں۔ اس مسئلے کی وجہ اور حل اس خاکسار نے اپنی کتاب آخری جنگ میں بیان کر دیا ہے۔ آپ اس کا مطالعہ فرمالیجیے۔ جو کچھ اس خاکسار نے عرض کیا ہے اسے لوگوں نے نہیں مانا تومجھے یقین ہے کہ ہمیں اس سے بھی زیادہ گھمبیر صورتحال کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار رہنا چاہیے ۔ والسلام

ابو یحییٰ

Posted in QnA سوال و جواب | Tags , , , , , , , , , , , , , , , , , , , | Bookmark the Permalink.

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *